این ڈی ایم اے کا گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے مون سون بارشوں اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کے علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بونیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
این ای او سی نے پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا کے لیے بھی گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے،اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔
دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان اور پشاور میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اچانک سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو نشیبی علاقوں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، عوام کو سیلابی پانی، تیز بہاؤ، زیر آب سڑکوں اور پلوں کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں ضروری وسائل پیشگی منتقل کرنے، محفوظ انخلا کے انتظامات مکمل رکھنے اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، عوام کو موسمی صورتحال، ابتدائی انتباہات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات سے باخبر رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلیشیئرز سے آنے والے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بڑھنے، پانی کے رنگ میں غیر معمولی تبدیلی یا گلیشیئرز کے قریب کسی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے۔
اتھارٹی نے شہریوں اور سیاحوں کو سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے، شدید بارش یا خطرے کی وارننگ کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو تازہ ترین موسمی معلومات اور الرٹس کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے 911 پر رابطہ کرنے کا کہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments