لاہور ہائیکورٹ: ججز کی تعطیلات سے متعلق نئی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز جاری
لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر ججز کی موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات کیلئے پہلی مرتبہ نیا میکنزم تیار کر لیا گیا، لاہور ہائیکورٹ نے ججز کی تعطیلات سے متعلق نئی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔
نئی پالیسی کا مقصد تعطیلات کے دوران ججز کی دستیابی یقینی بنانا اور فوری و ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کا سلسلہ جاری رکھنا ہے، نئی گائیڈ لائنز کے تحت موسمِ گرما کی تعطیلات کے لیے ججز کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ہر گروپ میں ججز کی تعداد حتی الامکان برابر رکھی جائے گی اور سینئر و جونیئر ججز کا مناسب امتزاج یقینی بنایا جائے گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ موسمِ گرما کیلئے تین تعطیلاتی گروپس تشکیل دیں گی، ججز کو تعطیلاتی گروپس اور ان کے دورانیے سے ہر سال جنوری کے اختتام تک آگاہ کیا جائے گا، تعطیلات کے دورانیے میں تبدیلی یا دوسرے جج سے گروپ تبدیل کرنے کی درخواست فروری کے اختتام تک دی جا سکے گی۔
یکم مارچ سے موسمِ گرما کے تعطیلاتی گروپس حتمی تصور ہوں گے، جس کے بعد گروپ یا تعطیلات کے دورانیے میں تبدیلی صرف غیر معمولی حالات میں ممکن ہوگی، تعطیلاتی گروپ میں کسی بھی تبدیلی کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت موسمِ سرما کی دو ہفتوں پر مشتمل تعطیلات ہر سال دسمبر کے آخری پیر سے شروع ہوں گی اور دوسرے ہفتے کے ہفتہ کو ختم ہوں گی، یوں سرمائی تعطیلات اب 25 دسمبر کی بجائے دسمبر کے آخری پیر سے شروع ہوں گی، موسمِ سرما کی تعطیلات کے لیے بھی ججز کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور دونوں گروپس میں ججز کی تعداد حتی الامکان برابر رکھی جائے گی۔
ججز کو سرمائی تعطیلات کے گروپس اور دورانیے سے ہر سال ستمبر کے اختتام تک آگاہ کیا جائے گا، جبکہ گروپ میں تبدیلی کی درخواست اکتوبر کے اختتام تک دی جاسکے گی، یکم نومبر سے موسمِ سرما کے تعطیلاتی گروپس حتمی تصور ہوں گے اور اس کے بعد گروپ میں تبدیلی صرف غیر معمولی حالات میں ممکن ہوگی۔
لاہور ہائیکورٹ کے مطابق موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات کے نئے میکنزم سے ججز کو پیشگی منصوبہ بندی کا موقع ملے گا، جبکہ تعطیلات کے دوران فوری اور ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے مناسب تعداد میں ججز کی دستیابی بھی یقینی بنائی جاسکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments