یکم جنوری 2027 سے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز پنشن دینے کا فیصلہ
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سروسز، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن نے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، سرکاری ملازم کو ملازمت کے آخری روز پنشن اور بنیادی مالی واجبات ملنے چاہئیں۔
آصف حیدر شاہ نے تمام صوبائی محکموں کو زیر التوا پنشن بل تین ماہ میں کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنشن کے حصول کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں، پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں بین المحکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت بھی کی، ٹاسک فورس میں اے جی سندھ، خزانہ، صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکمے شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے ضرورت کے مطابق قواعد میں ترامیم بھی تجویز کی جائیں، پنشن کی ادائیگی کا حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کیا جائے۔
اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر کی نشاندہی کی گئی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ میڈیکل کلیمز میں تاخیر پالیسی یا فنڈز نہیں بلکہ انتظامی رکاوٹوں کا مسئلہ ہے، میڈیکل ری ایمبرسمنٹ میں غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کی جائے۔
سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے طریقہ کار کا مشترکہ جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ اے جی سندھ، خزانہ، سروسز اور دیگر محکمے میڈیکل کلیمز کا طریقہ کار آسان بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے میڈیکل کلیمز کا نظام آسان اور تیز بنایا جائے، ملازمین کو پنشن اور میڈیکل واجبات کے لیے غیر ضروری دفتری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments