ہر جماعت کو پرامن احتجاج کی اجازت، پرتشددکی نہیں: رانا ثنا اللہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہر جماعت کو پرامن احتجاج کی اجازت ہے تاہم کسی صورت پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پسِ پردہ رابطے جاری ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دو مقاصد ہیں، جن میں پہلا بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا اور دوسرا حکومت گرانا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنی تقاریر میں کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرائے بغیر واپس نہیں آئیں گے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی اسلام آباد کی جانب مارچ کی باتیں کر رہے ہیں، تاہم پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
صوبوں کی بحث سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس وقت حکومت اپنا موقف دے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ نہیں کرنا، فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے، ریفرنڈم کا اختیار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو حاصل ہے، جب تک پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث نہیں ہوتی، اس وقت تک کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments