پاکستان اور بحرین کا تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بحرینی ہم منصب نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ملاقات کی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ہونے والی گفتگو میں پاک بحرین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں تجارتی سرگرمیوں، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، دونوں وزرائے خارجہ نے ان شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ کثیرالجہتی بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ دلچسپی کے معاملات میں روابط کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار اور عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں آنے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رجحان کو آگے بڑھانے اور باہمی مفادات سے متعلق شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال کے ساتھ عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جو دونوں ممالک کیلئے مشترکہ اہمیت رکھتی ہیں، اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اختلافات اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے زیادہ قابل عمل راستے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...