واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کیلئے ایک اور نیا فیچر متعارف

نیویارک: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ کے بیٹا ورژن کی جانب سے صارفین کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

واٹس ایپ نے 2023 میں فوری ویڈیو نوٹس متعارف کرائے تھے جس سے صارفین کو چیٹ میں براہ راست 60 سیکنڈ کی ویڈیو پیغامات ریکارڈ اور بھیجنے کی سہولت ملی۔

ایک رپورٹ کے مطابق اب میسجنگ پلیٹ فارم اس خصوصیت کو بہتر بنا رہا ہے تاکہ اس کیلئے فوری جوابات کی سہولت مہیا کی جا سکے۔

یہ نیا آپشن واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، یہ ترقی صرف چند دن بعد سامنے آئی ہے جب یہ انکشاف ہوا کہ وہ کالز ٹیب کیلئے ایک نئے ان ایپ ڈائلر پر بھی کام کر رہا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تازہ ترین واٹس ایپ بیٹا ورژن (2.24.14.5) نے صارفین کیلئے ایک نیا شارٹ کٹ متعارف کرایا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے ویڈیو پیغامات کا فوری اور آسانی کے ساتھ جواب دیا جا سکے گا۔

نئی اپ ڈیٹ واٹس ایپ کے اندر ویڈیو رابطے کو آسان بنانے میں ایک بڑا قدم ثابت ہوگی، نیا شارٹ کٹ بٹن چیٹس میں ویڈیو پیغامات کے برابر میں رکھا جائے گا۔

اس بٹن کو دبانے سے ریکارڈر کھل جائے گا جس کے بعد رپلائی بھیجنے کیلئے ویڈیو بنائی جاسکے گی، اس نئی اپڈیٹ کے بعد واٹس ایپ صارفین متعدد مینو آئٹمز کی طرف جانے سے بچ سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں