واٹس ایپ پر ٹیلی گرام اور فیس بک میسنجر سے مشابہہ تھیمز متعارف

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) واٹس ایپ انتظامیہ نے صارفین کیلئے ٹیلی گرام اور فیس بک میسنجر سے مشابہت رکھتی رنگ برنگی تھیمز متعارف کرا دیں۔

واٹس ایپ انتظامیہ اپنے صارفین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرتی رہتی ہے، اب واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے صارفین کیلئے نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت واٹس ایپ صارفین چیٹس کے سادہ بیک گراؤنڈ کو رنگا رنگ بیک گراؤنڈ میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر فی الحال تمام صارفین کو دستیاب نہیں ہو گا کیونکہ نئے کلر فل چیٹ تھیمز صرف اینڈرائیڈ کے بیٹا ٹیسٹرز کیلئے دستیاب ہوں گے تاہم نیا فیچر جلد ہی تمام صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

 

ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق رنگ برنگی تھیمز موجودہ تھیمز کے برعکس تمام چیٹس کیلئے دستیاب ہیں اور وال پیپرز سے بھی مختلف ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ صارفین کیلئے نئی چیٹس تھیمز میں 20 مختلف رنگ اور 22 سے زائد ٹیکسچر تھیمز کا انتخاب موجود ہے، صارفین کے کسی بھی مخصوص تھیم کو منتخب کرنے کے بعد چیٹ کا بیک گراؤنڈ تبدیل ہوجائیگا۔

واٹس ایپ صارف ہر چیٹ کو مختلف وال پیپر کے ساتھ اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرسکے گا جس سے ہر چیٹ ونڈو دوسرے سے مختلف اور منفرد نظر آئے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں