استانی کی حاضر دماغی نے ننھے طالبعلم کی جان بچا لی
ریاض :(ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں پرائمری کی استانی کی حاضر دماغی نے ننھے طالبعلم کی جان بچا لی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں الفلاج گورنریٹ کے الفیصلیہ پرائمری سکول فار ارلی چائلڈہڈ میں ایک استانی نے پہلی جماعت کے طالبعلم کی سانس اکھڑنے پر اس کے گلے میں پھنسے ہوئے تین سکوں کو نکال کر اس کی جان بچا لی۔
طالب علم بادی کے سرپرست محمد الدوسری نے عرب میڈیا کو بتایا کہ میرا بیٹا پرائمری سکول کی پہلی جماعت میں تھا، سبق پڑھنے کے دوران اس نے غلطی سے تین سکے نگل لیے جس سے اس کا دم گھٹنے لگا، معلمہ نے دیکھا کہ بچے کا دم گھٹ رہا ہے اور وہ سانس لینے سے قاصر ہو رہا ہے تو اس نے حفاظتی اقدامات کیے۔
الدوسری نے مزید بتایا کہ یہ طرز عمل اساتذہ یا تعلیمی عملے کے لیے حیران کن نہیں ہے کیونکہ یہ تعلیم کے مثبت پیغام کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے، میں صرف استاد کا شکریہ ادا کر سکتا ہوں کہ اس کی ذہانت اور اس کے تعلیمی تجربے نے میرے بیٹے کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔