ٹرمپ کا جیتنے پر ایلون مسک کو وفاقی حکومت کی کارکردگی کا آڈیٹر مقرر کرنے کا اعلان
نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی کار گزاری جانچنے کے لئے ایک کمیشن تشکیل دیں گے جس کے سربراہ ارب پتی امریکی ایلون مسک ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں مالی اور کاروباری شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کمیشن کا خیال ایلون مسک نے دیا ہے، ٹرمپ کی جیت کی صورت میں دوسری مدت صدارت میں ایلون مسک وفاقی حکومت کے تمام مالی کھاتوں اور اس کی مکمل کارکردگی کے پورے آڈٹ کی نگرانی کریں گے۔
امریکی صدارت امیدوار ٹرمپ کے مطابق اس کمیشن کے اقدامات کے ذریعے چھ ماہ کے اندر مالی بدعنوانی اور نامناسب ادائیگیوں پر پوری طرح قابو پا لیا جائے گا، سابق صدر نے واضح کیا کہ اس اقدام سے کھربوں ڈالر حاصل ہو سکتے ہیں، ٹرمپ نے اپنے پروگرام میں ٹیکسوں میں کمی کا عزم ظاہر کیا۔
بلومبرگ ایجنسی کے مطابق اس اقدام پر دس برسوں میں 10 کھرب ڈالر سے زیادہ لاگت آئے گی، سابق صدر نے درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کے حوالے سے بھی اپنے منصوبے کی تصدیق کی۔
دوسری جانب ایلون مسک نے اپنے پلیٹ فارم "ایکس" پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں امریکا کی خدمت کا خواہاں ہوں، مجھے معاوضے، عہدے یا ستائش کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔