روس کو میزائلوں کی فراہمی: ایران کو مزید پابندیوں کا سامنا
برسلز: (ویب ڈیسک) جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے روس کو یوکرین جنگ میں استعمال کے لیے بیلسٹک میزائل فراہم کرنے پر ایران کو یورپی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ایران کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فضائی نقل و حمل سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ دوطرفہ فضائی خدمات کے معاہدوں کو منسوخ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ ایران ایئر پر پابندیاں لگانے کے لیے بھی کام کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ ہم ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور روس کو بیلسٹک میزائلوں اور دیگر ہتھیاروں کی منتقلی میں ملوث اہم اداروں اور افراد کا بھی پیچھا کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عمل ایران اور روس دونوں کی طرف سے یورپی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ یوکرینی عوام کے لیے مزید مشکل پیدا کی جا رہی ہے۔
ان ممالک نے یہ اقدام امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس بیان کے بعد اُٹھایا ہے جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی کھیپ موصول ہوئی ہے، انہوں نے کہا تھا کہ اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ ایران کے بھیجے گئے میزائلوں کو روس یوکرین پر استعمال کرے گا۔