ڈرائیور کی غفلت، امریکا میں گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی طالبہ شدید زخمی، وزیر خارجہ کا نوٹس

ہیوسٹن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی طالبہ شدید زخمی ہوگئیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی ہیوسٹن کی یونیورسٹی میں ایم بی اے کی طالبہ دانیا ظہیر گھر لوٹتے ہوئے سڑک پار کر رہی تھی کہ تیز رفتار گاڑی نےاسے روند ڈالا جس سے اس کے جسم کے مختلف حصوں کی چھ سے زائد ہڈیاں فریکچر ہوگئیں۔

طالبہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں پھیپڑوں میں پانی بھر جانے کے باعث سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے ،ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد واضح ہوسکے گا کہ دانیا ظہیر چلنے پھرنے کے قابل بھی ہوگی یا نہیں۔

دانیا ظہیر نے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے سہانے خواب سجائے امریکا آئی تھی اور بہترین کارکردگی اور قابلیت کے سبب اساتذہ اسے ڈگری لینے کے بعد یونیورسٹی ہی میں ملازمت دینے کی پیشکش کرچکے تھے، اس کے تصور میں بھی نہ تھا کہ ایسا حادثہ پیش آئے گا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا مزید کہنا تھا کہ کار سوار شخص اس قدر سنگدل تھا کہ اس نے پیچھے مڑ کر یہ تک نہ دیکھا کہ میں زندہ بھی بچی ہوں یا مرگئی۔ شدید تکلیف میں مبتلا دانیا کا کہنا تھا کہ اپنی جسمانی حالت دیکھ کر وہ زندگی سے مایوس ہوگئی ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیکساس میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کو ٹیلی فون کیا اور انہیں ہدایت دی کہ ہسپتال جاکر دانیا ظہیر کی عیادت کریں اور طالبہ کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

اسحاق ڈار کی ہدایت پر آفتاب چوہدری فوری طورپر ہسپتال پہنچے ، سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری، امریکن پاکستانی ری پبلکن اور پولیس افسر علی شیخانی اور کمیونٹی کی دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں