ہمارے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر جاری ہے: سعودی وزیر توانائی

ویانا: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پہلے جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقدہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کانفرنس کے دوران اپنی تقریر میں کہا کہ ہم اپنے قومی پرامن جوہری توانائی کے منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمارا نظام اور انفراسٹرکچر بین الاقوامی سطح کی مطلوبہ نگرانی کی تمام ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب پرامن مقاصد کے لئے جوہری توانائی اور اس کی ریڈی ایشن ایپلی کیشنز سے فائدہ اٹھانے کے لئے آگے بڑھ رہا ہے، اپنے قومی جوہری توانائی کے منصوبے کو اس کے تمام اجزا کے ساتھ لاگو کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مملکت میں یہ پہلا جوہری توانائی سٹیشن تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، یہ منصوبہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کے فریم ورک کے اندر رہ کر قومی ضروریات کے مطابق قومی توانائی کے مرکب کو تشکیل دینے اور پائیدار قومی ترقی کے حصول میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں