اسرائیل پر جوابی حملہ: برطانیہ نے ایرانی فوجی عہدیداروں اور تنظیموں پر پابندیاں لگا دیں
لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے ایران میں مختلف شخصیات اور تنظیموں پر اسرائیل پر حملے کے بعد پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
میڈیا کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانوی اعلان کے مطابق ایرانی فوج کے اعلیٰ حکام، ایرانی ایئر فورس کے اہم عہدیدار اور بعض ایرانی ادارے جو اسرائیل پر میزائل حملوں میں کسی نہ کسی رول کے ادا کرنے کے ذمہ دار تھے ان پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بار بار کے انتباہی اعلانات اور بیانات کے باوجود ایران کی پراکسیز خطے میں خطرناک کارروائیاں کر رہی ہیں جس سے مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی طرف سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد ہم ایران کو جوابدہ سمجھتے ہیں اور ہم ان سہولت کاروں کو سامنے لا رہے ہیں جنہوں نے اس میزائل حملے میں مدد کی یا کردار ادا کیا۔
برطانوی وزارت خارجہ نے ایرانی شخصیات کے خلاف پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے یورپی یونین میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ بھی ان موضوعات پر بات کی ہے اور یورپی یونین کے خارجہ امور قونصل کے ساتھ بھی ان امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
برطانیہ کی طرف سے ایرانی افواج کے سربراہ عبدالرحیم موسوی اور برطانوی جاسوس ادارے کے بعض لوگوں کو بھی ان پابندیوں کی زد میں لایا گیا ہے۔