دو ریاستی حل کیلئے سعودی اقدامات قابل تحسین ہیں: مشیر فلسطینی صدر

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) فلسطینی صدر کے مشیر ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کے لئے سعودی عرب کے حالیہ اقدامات قابل تحسین ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ سعودی عرب دو ریاستی حل کے لئے بین الاقوامی سطح پر کوششوں کی قیادت کر رہا ہے جو قابل تحسین ہے، فلسطینی وزارت خارجہ نے دو ریاستی حل کو یقینی بنانے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کو اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے سلسلے میں عملی اور نمایاں اقدامات قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گزشتہ روز دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے لئے قائم بین الاقوامی اتحاد کا پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا، اس موقع پر سعودی عرب نے باور کرایا کہ فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لئے دو ریاستی حل پر عمل درآمد ضروری ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب نے ایک بار پھر اس مؤقف کو دہرایا کہ وہ قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے اقوام متحدہ کے اداروں اور اس کی امدادی تنظیموں کو سیاسی اور فوجی طور پر نشانہ بنائے جانے اور ان میں کام کرنے والوں کی زندگی کو مسلسل خطرے میں ڈالے جانے کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے زور دیا تھا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے مشن میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی حمایت کرتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں