کم وقت، مقابلہ سخت، ٹرمپ اور کملا ہیرس کی ووٹرز کو متوجہ کرنے کی سر توڑ کوششیں
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدارتی الیکشن میں کم وقت، مقابلہ سخت ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کی ووٹرز کو متوجہ کرنے کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں، دونوں امیدواروں کو ایک دوسرے پر معمولی برتری حاصل ہے۔
امریکی صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام امریکیوں کیلئے امید کا پیغام لے کر آیا ہوں، منگل کو آپ کے ووٹ سے مہنگائی کا خاتمہ کروں گا، کملا ہیرس نے ملک کو توڑ دیا، ہم اسے ٹھیک کریں گے۔
سابق امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ کملا ہیرس اب پالیسی آئیڈیاز پیش کر رہی ہیں 4 سال میں ایسا کیوں نہیں کیا؟ سابق امریکی صدر نے ریاست شمالی کیرولائنا میں جیت کا دعویٰ کر دیا۔
ڈیموکریٹک کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے مشی گن کے چرچ میں خطاب میں جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آئے تو ملک غیر مستحکم ہوجائے گا، 5 نومبر آنے میں باقی وقت مشکل ہوگا۔
کملا ہیرس کا مزید کہنا ہے کہ آئیں اپنے مستقبل کا اگلا باب لکھیں، ان 2 دنوں میں ہمارے پاس قسمت کا فیصلہ کرنے کا موقع ہے۔