اسرائیل کی دمشق میں بھی بمباری ، 20 افراد جاں بحق
دمشق : (ویب ڈیسک ) شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔
عرب میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی ہے کہ دمشق پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 20 افرادجان کی بازی ہار چکے ہں ، ایجنسی نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں آج دمشق کے مغرب میں المزہ کالونی اور قدسیا میں واقع متعدد عمارتوں پر بمباری کی ہے ۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر بتایا کہ اہداف میں دمشق میں فلسطینی اسلامی جہاد موومنٹ کا ہیڈکوارٹرز اور دیگر اثاثے شامل تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی بمباری نے دمشق میں المزہ کالونی کو نشانہ بنایا، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جس میں سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز اور اقوام متحدہ کے دفاتر موجود ہیں، حالیہ اسرائیلی کارروائیوں میں یہ علاقہ بھی متاثر ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کی غزہ پر بربریت جاری، 24 گھنٹے میں مزید 33 فلسطینی شہید
قبل ازیں شامی میڈیا نے جمعرات کو شام کے دارالحکومت دمشق اور حمص شہر میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی۔
دوسری جانب لبنان پر بھی اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق بیروت کے جنوبی ٹاؤن ضاحیہ اور رفیق الحریری ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے گئے، تاہم اسرائیلی حملوں کے دوران ایئر پورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت جاری رہی۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 8 اکتوبر 2023 کو حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بمباری کے تبادلے کے آغاز کے بعد سے لبنان میں 3,360 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں سے اکثریت عام شہریوں کی ہے۔