سوڈان میں ڈرون حملہ: بچوں سمیت 79 شہری جاں بحق، 38 زخمی
خرطوم: (دنیا نیوز) جنوبی سوڈان میں پیراملٹری فورس کے ڈرون حملوں میں بچوں سمیت 79 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، ڈرون حملہ سکول، ہسپتال اور گنجان آبادی والے علاقوں میں کیا گیا۔
حالیہ واقعے کے بعد حکومت نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ آر ایس ایف کو دہشت گرد تنظیم قرار دیں، اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسف نے بھی بچوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
خیال رہے کہ کردفان کی شمالی، مغربی اور جنوبی تینوں ریاستوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے فوج اور آر ایس ایف میں شدید جھڑپیں جاری ہیں جن کے باعث اب تک ہزاروں شہری نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اپریل 2023ء سے جاری سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جنگ میں اب تک کم از کم 40 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔