بھارت نے روسی شہریوں کیلئے مفت ویزے کا اعلان کر دیا
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روس کے شہریوں کیلئے 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے یہ اعلان نئی دہلی میں منعقدہ بھارت روس سالانہ سربراہی اجلاس کے دوران کیا گیا، اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بھی موجود تھے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں مودی کا کہنا تھا کہ جلد ہی روسی شہریوں کیلئے 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزا اور 30 روزہ گروپ ٹورسٹ ویزا متعارف کروایا جائے گا۔
روسی صدر پیوٹن بھارت کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس ماسکو چلے گئے
رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھارتی دورے پر آئے روسی صدر پیوٹن کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا، بھارت نے روس سے مزید ایس 400 میزائل سسٹم حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
بھارت اپنے روسی ساختہ ایس یو 30 جنگی جہاز بھی اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے، بھارت اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 68 ارب ڈالر ہے اور بھارت 2030ء تک اسے بڑھا کر 100 ارب ڈالر کرنا چاہتا ہے۔