یو اے ای رہائشی اب صرف 24 گھنٹوں میں اپنا ایمریٹس آئی ڈی حاصل کر سکیں گے
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات نے رہائشیوں کے لیے ایمریٹس آئی ڈی کارڈ کے اجراء کے عمل کو تیز کرتے ہوئے اب اسے صرف چوبیس گھنٹوں میں مکمل کرنے کی سہولت شروع کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شناختی خدمات کو آسان، مؤثر اور کم وقت میں فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔
نئی سہولت کے تحت درخواست گزار اپنے شناختی کارڈ کے لیے درکار تمام ضروری معلومات، بائیومیٹرک ڈیٹا اور دستاویزات جمع کرانے کے بعد ایمریٹس آئی ڈی کو صرف 24 گھنٹوں کے اندر حاصل کر سکتے ہیں، جو قبل ازیں عموماً کئی دن یا ہفتے لیتا تھا۔ اس نئی سروس کے بارے میں متعلقہ اتھارٹیز نے کہا ہے کہ اس سے عوامی سہولیات میں سہولت، وقت کی بچت اور حکومتی خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی۔
حکام نے شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست دیتے وقت تمام معلومات درست اور مکمل فراہم کریں، تاکہ کارڈ کے اجرا میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ متعلقہ محکمے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید ڈیجیٹل حل متعارف کروانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ عوامی خدمات اور شناختی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی سہولت متحدہ عرب امارات کو ڈیجیٹل حکمرانی اور عوامی خدمات میں جدت کے میدان میں ایک مضبوط مقام دلاتی ہے، جس سے رہائشیوں کو تیز اور شفاف خدمات فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سعودی و دیگر بین الاقوامی ماڈلز کے مقابلے میں یہ ایک اہم اور موثر پیش رفت ہے۔