48 گھنٹوں میں ایران و لبنان میں 470 اہداف کو نشانہ بنایا، صیہونی فوج کا دعویٰ
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کی دفاعی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ایران میں 300 جبکہ لبنان میں 170 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
فوجی ترجمان ایلا واویہ نے ایکس پر ایک بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب فضائیہ نے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اور ایئر انٹیلی جنس یونٹ کی درست رہنمائی میں ایران کے حکومتی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے وسیع پیمانے پر حملے کیے اور اہم اہداف حاصل کیے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے ایک حملے میں پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے ایئر ڈیفنس کمانڈ آپریشن روم کو نشانہ بنایا گیا جو ایران کے فضائی حدود کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
واویہ کے مطابق یہ مرکز پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کیلئے سب سے اہم ایئر ڈیفنس کمانڈ سینٹر ہے، اسے نشانہ بنانے سے ایرانی حکومت کے دفاعی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول صلاحیتوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔