امریکا کیلئے ابھی بہت سارے سرپرائز باقی ہیں: عباس عراقچی

تہران: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پیر کے روز امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی کئی ’حیران کن اقدامات‘ موجود ہیں۔

سید عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ آپریشن ایپک مسٹیک کےبعد سے تیل کی قیمتیں دوگنی ہو چکی ہیں جبکہ دیگر تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ امریکا ہمارے تیل اور جوہری تنصیبات کے خلاف سازشیں کر رہا ہے تاکہ مہنگائی کے بڑے جھٹکے کو قابو میں رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران مکمل طور پر تیار ہے اور ہمارے پاس بھی کئی حیران کن اقدامات موجود ہیں۔

دوسری جانب تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے باعث عالمی منڈیوں میں تشویش پھیل گئی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خدشات اور سود کی شرح میں اضافے کے امکان کے باعث دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی دیکھی گئی جبکہ سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے لیے امریکی ڈالر کی جانب رخ کر رہے ہیں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 30 فیصد تک اضافہ ہوا اور فی بیرل قیمت تقریباً 120 ڈالر کے قریب پہنچ گئی جو ایک دن میں ہونے والے بڑے اضافوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس اضافے سے پٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول سمیت مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 13 فیصد اضافے کے بعد 104.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت تقریباً 12 فیصد اضافے کے ساتھ 101.8 ڈالر فی بیرل رہی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں