توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا خطرناک ہوگا، قطر کا ایران کو انتباہ
دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا اور ایرانی جارحیت سے نمٹنا اس کی اولین ترجیح ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر اب بھی سفارتکاری اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے تاہم کسی بھی حملے کی صورت میں مناسب اور مؤثر ردعمل دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے قطر کے وزیرِ اعظم اور ایران کے وزیرِ خارجہ کے درمیان اب تک صرف ایک مرتبہ رابطہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے ذرائع مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئے تاہم قطر اس وقت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ماجد الانصاری کے مطابق قطر نے اہم تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات بھی کر لیے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا انتہائی خطرناک ہوگا اور اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔