ٹرمپ ایران سے بات چیت کیلئے تیار مگر کوئی سفارتی حل نظر نہیں آرہا: سٹیو وٹکوف

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن کسی سفارتی حل کی کوئی علامت نظر نہیں آتی۔

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی خطے کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش الٹا اثر ڈال رہی ہے اور اس کے بجائے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کئی ممالک نے امریکہ سے رابطہ کیا ہے جو ابراہام پیس اکارڈ کا حصہ بننا چاہتے ہیں، سٹیو وٹکوف نے ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ٹیلی فونک گفتگو کا بھی ذکر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے ٹرمپ کو بتایا کہ روس ایران کے ساتھ امریکی اثاثوں کے بارے میں کوئی انٹیلیجنس شیئر نہیں کر رہا۔

واضح رہے کہ سٹیو وٹکوف ٹرمپ کی طرف سے ایران سے مذاکرات بھی کر رہے تھے، یہ مذاکرات عمان کی ثالثی میں ہو رہے تھے، ان مذاکرات کے دوران ہی امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا۔

ایران کا الزام ہے کہ یہ دوسری بار امریکہ اور اسرائیل نے ایسا کیا کہ جب سفارتی عمل شروع ہوا تو جنگ چھیڑ دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں