صیہونی حکومت کی نوعیت ریاستی دہشتگردی پر مبنی ہے: ایرانی صدر

تہران: (دنیا نیوز) ایران صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ صیہونی حکومت کی نوعیت ریاستی دہشتگردی پر مبنی ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس پر بیان میں کہا کہ امریکا کی ایران پر جارحیت اور سپریم لیڈر کی شہادت نے نیا معیار قائم کردیا، انہوں نے کہا یہ نیا معیار بین الاقوامی تنازعات اور عالمی قانونی اصولوں کو تباہ کرسکتا ہے۔

مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھاکہ دنیا نے مضبوط مؤقف اختیار نہ کیا تو اس کی آگ بہت سوں کو جھلسا دے گی، انہوں انتباہ کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کی خاموشی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ توانائی انفراسٹرکچر پر حملے بے قابو نتائج کا باعث بن سکتے ہیں جو پوری دنیا کو متاثر کریں گے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ بے قابو نتائج کا سبب بن سکتا ہے، ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، آج ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایسی جارحانہ کارروائیاں امریکی اسرائیلی دشمن اور اس کے حامیوں کیلئے کچھ حاصل نہیں کریں گی، بلکہ یہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنائیں گی اور ایسے بے قابو نتائج کا باعث بن سکتی ہیں جو پوری دنیا کو متاثر کریں گے۔

خیال رہے کہ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی فورسز نے ایران کی بڑی ساؤتھ پارس گیس فیلڈ اور اس سے منسلک تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں قریبی علاقے عسلویہ میں واقع تیل اور پیٹرو کیمیکل تنصیبات بھی زد میں آ گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں