اسرائیل، امریکا کی ایران کیخلاف جنگ تیزی سے عالمی بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے: ترکیہ
استنبول: (دنیا نیوز) ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کی ایران کے خلاف جاری جنگ تیزی سے عالمی بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن نے استنبول میں سٹریٹجک کمیونیکیشن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر یہ تنازع جاری رہا تو یہ ایسی جنگ بن سکتی ہے جس کی قیمت دنیا کے آٹھ ارب انسانوں کو چکانا پڑے گی، ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے سے باہر بھی پھیلنے کا خطرہ رکھتی ہے۔
ابراہیم قالن نے کہا کہ اس جنگ کے نتیجے میں ترک، کرد، عرب اور فارسی اقوام کے درمیان طویل المدتی اختلافات کو ہوا مل سکتی ہے، ترکیہ جنگ کے خاتمے کے لئے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی صورت خطے میں تقسیم یا انتشار کو ہوا نہیں دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ بین الاقوامی قوانین کے تحت جائز نہیں، اسرائیل لبنان، شام اور فلسطینی علاقوں میں زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، انہوں نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا تاہم ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ جنگ کے آغاز کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہی اس بحران کا واحد حل ہیں لیکن اسرائیل مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کر رہا ہے، دنیا اس وقت معلومات کی بہتات مگر حقیقت سے دوری کے دور سے گزر رہی ہے، قوموں کو اپنی کہانی اور بیانیہ خود تشکیل دینا ہوگا۔