سیزفائر میں توسیع نہیں ہوگی، ٹرمپ کی ایران سے معاہدہ نہ ہونے پر بمباری کی دھمکی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے معاہدہ نہ ہونے پر بمباری کی دھمکی دے دی۔
امریکی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میری توقع ہے کہ بمباری ہوگی کیونکہ میرے خیال میں یہ ایک بہتر حکمت عملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے متعدد مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، اب سیز فائر میں مزید توسیع نہیں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے ساتھ جلد ڈیل ہو جائے گی، جلد بازی میں برا معاہدہ نہیں کروں گا: ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کیخلاف ملٹری آپریشن کے دوبارہ آغاز کیلئے تیار ہیں، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ایک بڑی کامیابی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کا معاملہ بڑی ڈیل کے ساتھ ختم ہو جائے گا، ایران میں جو کچھ ہوا وہ حکومت کی تبدیلی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جے ڈی وینس اور امریکی حکام مذاکرات کیلئے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا جنگ ختم کرنے کیلئے ایران کے ساتھ معاہدہ کر لے گا، ایران کے پاس مذاکرات کے سوا دوسرا کوئی راستہ نہیں، ہم نے ان کی قیادت کو ختم کر دیا، نئی قیادت زیادہ معقول ہے۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سی این بی سی چینل سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ مجھے کم عقل اور غدار لوگوں کی پرواہ نہیں، ہم نے وینزویلا پر 45 منٹ میں قبضہ کر لیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں صدر ہوتا تو فوری طور پر ویت نام پر قبضہ کر لیتا، میں صدر ہوتا تو عراق جنگ میں بھی فوری کامیابی حاصل کر لیتا۔
انہوں نے کہا کہ ایران ڈیل کر لیتا ہے تو وہ خود کو بہتر پوزیشن میں لاسکتا ہے، ایک عظیم ڈیل کرنا چاہتا ہوں مجھے اس معاملے میں جلدی نہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران اس وقت جس نہج پر ہے اسے معاہدہ کرنا ہی پڑے گا، میں اور فوج ایران کے خلاف فوجی مداخلت کے لئے تیار ہیں، شائد سیزفائر میں توسیع کی نوبت نہ آئے ڈیل ہو جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اور کوئی راستہ نہیں، دونوں فریقین آپس میں بیٹھیں گے تو ڈیل ہو جائے گی۔