پی ایس ایل: راولپنڈیز کا ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپرلیگ 11 کے 31 ویں میچ میں راولپنڈیز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔

نیشنل بینک سٹیڈیم میں جاری اس میچ میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ ملتان سلطانز کی قیادت ایشٹن ٹرنر کے ہاتھ میں ہے۔

دونوں ٹیموں کی ماضی کی کارکردگی اور موجودہ فارم کو دیکھا جائے تو ملتان سلطانز واضح طور پر مضبوط دکھائی دیتی ہے، اب تک دونوں کے درمیان صرف ایک میچ کھیلا گیا ہے جس میں ملتان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے اور شاندار فارم میں ہے جبکہ راولپنڈیز کے لیے یہ سیزن خاصا مایوس کن رہا ہے۔

راولپنڈیز اپنے ابتدائی ساتوں میچز ہار کر پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے، تاہم کپتان محمد رضوان کی کوشش ہوگی کہ آج بہتر کھیل پیش کر کے ٹورنامنٹ کا اختتام اچھے انداز میں کریں۔

آج کے مقابلے کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں اسٹیو اسمتھ، شان مسعود اور پیٹر سڈل جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ راولپنڈیز کی جانب سے نسیم شاہ، محمد عامر اور ڈیرل مچل میدان میں نظر آئیں گے۔

ملتان سلطانز نے اپنے گزشتہ میچ میں کراچی کنگز کو شکست دی تھی اور وہ اسی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ راولپنڈیز اپنی پہلی جیت کے حصول کے لیے میدان میں اتری ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے موزوں دکھائی دے رہی ہے، اسی لیے انہوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا سکور بنانے اور حریف پر دباؤ ڈالنے کا ارادہ کیا ہے۔

دوسری جانب ایشٹن ٹرنر نے کہا کہ اگرچہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے لیکن اب ان کی حکمت عملی یہ ہوگی کہ راولپنڈی کو جلد آؤٹ کر کے ہدف کے تعاقب میں اپنی مضبوط بیٹنگ لائن سے فائدہ اٹھائیں۔

کرکٹ شائقین اس دلچسپ مقابلے کے لیے خاصے پُرجوش ہیں، کیونکہ اس سیزن میں راولپنڈی کے لیے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا اب تک نسبتاً فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں