راولپنڈیز کی مسلسل ساتویں شکست، محمد رضوان نے وجہ بتا دی
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ جب آپ ہارتے ہیں تو پازیٹو نکالنا مشکل ہوجاتا ہے۔
لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد رضوان نے کہا کہ میری پرفارمنس اچھی نہیں تھی اس لئے ٹیم کا رزلٹ ایسا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر میری طرف سے کوئی کمی ہوگی، اس لیے ایسا رزلٹ رہا، میں نوجوان پلیئر کے ساتھ اوپن کررہا تھا۔
راولپنڈیز کے کپتان نے مزید کہا کہ میں پوزیشن کے حوالے سے اپنی خواہش ضرور رکھتا ہوں لیکن ٹیم کا فیصلہ متفقہ ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ زمان خان انجرڈ ہوا، نسیم انجرڈ ہوا، دو غیر ملکی پلیئرز نہیں آئے، جب آپ ہارتے ہیں تو پازیٹو نکالنا مشکل ہو جاتا ہے، کچھ چیزیں کافی مثبت رہی ہیں، لیڈر کو ٹیم کے رزلٹ سے نہ پہچانیں۔
محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ ٹیم دیکھیں تو کہیں کوئی کمی نہیں لگ رہی لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی، آپ بطور کپتان کوشش کرسکتے ہیں لیکن غلطیاں ہوں تو پھر کچھ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بگ بیش میں کہا تھا کہ میری پرفارمنس پر پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، مجھ سے پرفارمنس نہیں ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ہمت ہار جاؤں۔
راولپنڈیز کے کپتان نے کہا کہ میرے لیے کرکٹ جنون ہے، مجھے اس کے سوا کچھ نہیں آتا، میں محنت کرکے واپس آؤں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عبداللّٰہ فضل کے بارے میں ہمارا خیال تھا کہ وہ پاکستان کےلیے نمبر چھ کا پلیئر مل سکتا ہے، بیٹنگ آرڈر پر اُس سے بات کرکے فیصلہ کیا گیا تھا۔
محمد رضوان نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ ہے، میں مانتا ہوں کہ میری ناکامی ہے، آگے میرے ہاتھ میں بس محنت کرنا ہے۔