کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی اے کراچی کی کارروائی، کمپنی مالک گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے کراچی زون کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، یہ کارروائی ایم ایس بلو ٹیک الیکٹرک پرائیویٹ لمیٹڈ کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم تنظیم تاج جو کہ مبینہ طور پر کمپنی کا مالک بتایا جاتا ہے کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی سے متعلق مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزم کے خلاف متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے، ایف آئی اے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر عناصر کی گرفتاری کے لئے بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔