پاکستان کی درخواست پر ایران سے جنگ بندی کی، دوبارہ حملے بھی ہوسکتے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کا فیصلہ دیگر ممالک خصوصاً پاکستان کی درخواست پر کیا تھا، تاہم مستقبل میں ایران پر دوبارہ حملے بھی کیے جا سکتے ہیں۔
چین کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی فوجی صلاحیت کو تقریباً تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کی جنگ بندی کے بعد ایران شاید دوبارہ اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کرے، اس لیے امریکا کو دوبارہ ’کلیئر اپ ورک‘ کے لیے کارروائی کرنا پڑ سکتی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر ایران کے ساتھ جنگ بندی کے حامی نہیں تھے، لیکن دیگر ممالک بالخصوص پاکستان کی اپیل پر امریکا نے یہ قدم اٹھایا۔
دوسری جانب ایران نے امریکی بیانات کو ’نفسیاتی حربے‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی دفاعی طاقت برقرار ہے اور اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور قطر نے پس پردہ سفارتی رابطوں کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔