پاکستان میں ایل این جی کی دوسری بڑی کھیپ کراچی پہنچ گئی
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاکستان کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی دوسری بڑی کھیپ پہنچ گئی، جہاں قطر سے آنے والا ایل این جی بردار جہاز کامیابی کے ساتھ پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا۔
پورٹ قاسم انتظامیہ کے مطابق بحری جہاز قطر کے پورٹ راس لفان سے 56 ہزار 573 میٹرک ٹن ایل این جی لے کر کراچی پہنچا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 299 میٹر طویل ایل این جی جہاز کی پورٹ قاسم ٹرمینل پر کامیاب برتھنگ مکمل کر لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ایل این جی کی نئی کھیپ ملک میں گیس کی طلب پوری کرنے اور توانائی کے شعبے کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی ایل این جی سے بجلی گھروں اور صنعتی شعبے کو بھی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
پورٹ حکام نے بتایا کہ جہاز سے ایل این جی کی منتقلی کے تمام مراحل بین الاقوامی حفاظتی معیار کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ سپلائی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔