قتل یا خودکشی: میلسی میں ماں اور تین بچوں کی لاشیں گھر سے برآمد
میلسی:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے میلسی میں ایک ہی گھر سے ماں اور تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ میلسی کے نواحی علاقے فتح پور کے گھر میں پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے چار افراد قتل ہوئے۔
ذرا ئع کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں 35 سالہ نسرین اور تین بچے شامل ہیں بچوں کی عمریں 12 سال سے 3 سال کے درمیان ہیں۔
جاں بحق بچوں میں 12 سالہ احسن، ساڑھے 5 سالہ دلشاد اور 3 سالہ اسد شامل ہیں، ابتدائی اطلاعات کے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمام افراد کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا۔
دوسری جانب قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہ آسکیں، مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں ، مقتولہ کا شوہر سجاد سکندر سعودی عرب میں محنت مزدوری کرتا تھا اور چند روز قبل واپس پاکستان آیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شوہر پر بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ یہ امکان بھی موجود ہے کہ خاتون نے بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی ہو۔
تفتیشی حکام نے مزید کہا کہ فرانزک ٹیموں نے تمام شواہد اکٹھے کر لیے اور مقتولین کی لاشیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیں، واقعے کی اصل حقیقت پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔