ایران کیساتھ بات چیت جاری، کوئی نہیں جانتا انجام کیا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے خاتمے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ اطلاعات درست نہیں ہیں کہ ایران اور امریکا نے چند روز قبل ایک دوسرے سے بات چیت بند کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور گفتگو کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج بھی بات چیت ہوئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق مذاکرات کا انجام کیا ہوگا، اس حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم ایران کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی صورت ایک معاہدہ کیا جائے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران گزشتہ 47 برس سے اسی طرز پر معاملات چلا رہا ہے اور یہ صورتحال مزید جاری نہیں رہ سکتی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی بدستور برقرار ہے، جبکہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معاہدے اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں