لبنان میں اسرائیلی حملے جاری، اقوام متحدہ اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق
بیروت: (دنیا نیوز) واشنگٹن میں اسرائیلی اور لبنانی حکام کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کے باوجود جنوبی لبنان میں صیہونی فورسز کے حملے جاری ہیں، جن کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے ایک اہلکار سمیت پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان میں مارٹر گولہ گرنے سے اقوام متحدہ امن مشن کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا، جبکہ وادیِ بقاع میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تین افراد شہید ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے قنطرہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ حملے کیے، جبکہ بیوفورٹ قلعے کے قریب اسرائیلی فوجی دستوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی میجر جنرل کی گاڑی تباہ ہوگئی، میجر جنرل رافی میلو حملے سے کچھ دیر قبل گاڑی سے باہر نکل چکے تھے، جس کے باعث وہ محفوظ رہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے شہریوں کو دریائے زہرانی کے جنوبی علاقوں میں سفر نہ کرنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی صورتحال کے باعث احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔