سپین کی لبنان میں اقوام متحدہ امن مشن کے بیس کیمپ پر حملے کی مذمت

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے بیس کیمپ پر ہونے والے مارٹر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

پیڈرو سانچیز نے کہا کہ وہ امن کے قیام کے لیے خطرات کا سامنا کرنے والے امن مشن کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ہسپانوی وزیراعظم نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ گزشتہ روز طے پانے والی جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کریں اور لبنان میں فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں بند کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کا مستقبل صرف امن، استحکام اور سیاسی حل میں پوشیدہ ہے، اور موجودہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

رپورٹس کے مطابق لبنان میں ہسپانوی بیس پر حملے کے نتیجے میں ایک سربین امن کارکن ہلاک جبکہ دو ہسپانوی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت 600 سے زائد ہسپانوی فوجی تعینات ہیں، جو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں