جنوبی لبنان میں اسرائیلی بربریت جاری، ایک شہری شہید، 17 زخمی

بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنان جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جنوبی لبنان کے شہری علاقوں پر حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے طائر میں ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا، جس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ 17 افراد زخمی ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں ہسپتال کے 10 عملہ ارکان بھی شامل ہیں، جن میں ایک خاتون اسٹاف ممبر بھی شامل ہے۔ دھماکوں کے باعث اسپتال کے ایمرجنسی اور مریضوں کے وارڈز کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 3 ہزار 711 افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 11 ہزار 483 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ شہری آبادی اور طبی مراکز کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں