آندھی کے بعد بارش، صوبائی دارالحکومت میں موسم خوشگوار ہو گیا
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں آندھی چلنے کے بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، شہریوں کے مرجھائے چہرے بھی کھل اٹھے۔
لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاؤن، کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، ایئرپورٹ، مال روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک سمیت متعدد علاقوں میں ابر کرم برس پڑا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔
قبل ازیں نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس اور ارد گرد کے علاقوں میں شدید آندھی چلی، آندھی چلنے سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ قذافی سٹیڈیم، نیشنل ہاکی سٹیڈیم، پنجاب سٹیڈیم اور انٹر نیشنل سوئمنگ جمنیزیم کے علاقے بھی آندھی کی لپیٹ میں آئے اور آسمان پر گہرے بادل چھا گئے۔
آندھی چلنے کے بعد لاہور کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گئی جبکہ تیز ہواؤں سے موسم بھی خوشگوار ہو گیا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم از کم درجہ حرارت 26 ڈگری تک جاری کا امکان ہے۔