بیروت میں والی کارروائی کے بعد صبر کا پیمانہ لبریز، کارروائی کا حکم دیدیا: علی اکبر ولایتی

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے سخت اور غیر معمولی بیان میں کہا ہے کہ بیروت میں ہونے والی غلط حکمت عملی پر مبنی کارروائی کے بعد صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور اب کارروائی کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ولایتی نے کہا بیروت میں غلط اندازے پر مبنی اقدام نے صبر کو ختم کر دیا اور اب حکم صادر ہو چکا ہے، وقت ختم ہو چکا ہے اور لانچر تیاری کی حالت میں ہیں۔

علی اکبر ولایتی نے کہا کہ حزب اللہ مزاحمتی محور کا ایک بنیادی اور ناگزیر حصہ ہے اور اس کے خلاف کسی بھی کارروائی کو پورے مزاحمتی اتحاد کے خلاف اقدام تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر لبنان میں جاری کشیدگی اور فتنے کی آگ کو نہ روکا گیا تو خطے کے دو اہم بحری راستے، آبنائے ہرمز اور باب المندب، عالمی تجارت اور توانائی کی رسد کے لیے شدید خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر نے مزید کہا کہ اگر لبنان میں شرارت اور جنگ کی آگ نہ بجھائی گئی تو دو طاقتور جغرافیائی بازو، یعنی آبنائے ہرمز اور باب المندب، آپ کی معاشی شہ رگوں کو اس حد تک دبا دیں گے کہ تزویراتی سطح پر گھٹن پیدا ہو جائے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ولایتی کا یہ بیان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک سخت انتباہ سمجھا جا رہا ہے، جس میں بالواسطہ طور پر یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ اگر حالات مزید بگڑتے ہیں تو اہم بحری گزرگاہوں اور عالمی تجارتی راستوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تاہم اس بیان میں کسی فوری عسکری کارروائی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں