وائٹ ہاؤس میں یو ایف سی ایونٹ پر مبینہ حملے کی سازش ناکام، 5 مشتبہ افراد گرفتار
واشنگٹن: (دنیا نیوز) غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے وائٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے یو ایف سی ایونٹ پر مبینہ حملے کی ایک بڑی سازش ناکام بناتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی نے مختلف ریاستوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اوہائیو، کیلیفورنیا، میزوری اور نیبراسکا سے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، ملزمان پر قتل کی سازش اور دہشت پھیلانے کے منصوبے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق مبینہ منصوبے کے تحت ڈرونز کے ذریعے وائٹ ہاؤس اور قریبی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جبکہ حملے کے دوران ہجوم کو سنائپر ٹیم کی جانب دھکیلنے کا بھی منصوبہ شامل تھا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق مبینہ منصوبے کی دوسری لہر میں حملہ آوروں کو وائٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر دھاوا بولنا تھا۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کش پٹیل نے دعویٰ کیا ہے کہ بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں منعقدہ یو ایف سی ایونٹ میں 4 ہزار 300 سے زائد افراد موجود تھے۔