اسرائیلی آرمی چیف کا غزہ میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان
مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ میں فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے کہا ہے کہ فوج غزہ میں اپنی پیشگی کارروائیاں جاری رکھے گی، ہم نے حماس کو نمایاں طور پر کمزور کیا ہے اور سکیورٹی کی صورتحال کو تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں پیشگی کارروائیاں جاری رکھیں گے، خطرات کا خاتمہ کریں گے اور اسرائیلی آبادیوں اور شہریوں کا دفاع کریں گے۔
اسرائیلی آرمی چیف نے مزید کہا کہ اس کی ایک واضح مثال حماس کے عسکری ونگ کی خصوصی فورس نخبا کے اہلکاروں اور 7 اکتوبر کے حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں شریک افراد کا تعاقب ہے۔
اسرائیلی آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل بورڈ آف پیس کے غزہ نمائندے نکولائے ملادینوف نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں حماس کو غیرمسلح کرنے اور غزہ کا انتظام شہری حکومت کے حوالے کرنے کے منصوبے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق بورڈ آف پیس کے نمائندے نے معاہدے پر پیش رفت کے دوران اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ غزہ پر اپنے حملے روک دے۔
ادھر ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران غزہ پر جاری مذاکرات میں حماس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
حماس پولیٹیکل بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ سے فون پر بات کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران مذاکراتی عمل کے دوران فلسطینی رہنماؤں کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام اور ہر فیصلے کی حمایت کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments