آبنائے ہرمز میں کویتی آئل ٹینکر السلام ٹو پر حملہ، عملہ محفوظ
لندن: (دنیا نیوز) برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کویتی آئل ٹینکر السلام ٹو کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
برطانوی میری ٹائم حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں ٹینکر میں پانی کی سطح سے اوپر کے حصے میں ایک چھوٹا سوراخ ہوگیا اور معمولی آگ بھڑک اٹھی، ٹینکر کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جبکہ واقعے میں کسی بھی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد جہاز کی صورتحال قابو میں ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، حملے میں استعمال ہونے والے نامعلوم پروجیکٹائل اور اس کے ذمہ دار کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے درمیان ایک انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، دنیا کی توانائی کی تجارت میں اس گزرگاہ کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے کیونکہ بڑی مقدار میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کے ٹینکر روزانہ اسی راستے سے گزرتے ہیں۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، حالیہ واقعات کے بعد سمندری حکام نے جہاز رانی سے وابستہ کمپنیوں اور عملے کو محتاط رہنے اور علاقے میں موجود خطرات پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
السلام ٹو پر حملہ بھی ایسے وقت میں ہوا ہے جب خلیج کے اہم سمندری راستوں میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کو سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم تازہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments