ہمارے اثاثوں کو نشانہ بنایا تو امریکی اثاثے بھی محفوظ نہیں رہیں گے: ایران کا دو ٹوک مؤقف
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا تو امریکی اثاثے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
ایرانی سپیکر باقر قالیباف نے پیٹ ہیگسیتھ کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ایران میں تیل و گیس کی پیداوار کا نظام کسی سے پوشیدہ نہیں، خطے میں امریکی تیل و گیس کی کمپنیاں بھی چھپی ہوئی نہیں، ایران اپنی صلاحیتیں پہلے ہی ثابت کر چکا ہے، ناقابل استعمال امریکی اڈے میری بات کا ثبوت ہیں۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے امریکا کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ایران ضرورت پڑنے پر دشمن افواج کو کسی بھی مقام پر مفلوج کر سکتا ہے، ایرانی کارروائیوں نے مخالفین کو حیران کیا اور ان کی جنگی صلاحیتیں متاثر کیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ نے دشمن کے جنگی جہازوں کی آپریشنل صلاحیتیں طویل عرصے تک متاثر کیں، دشمن افواج کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ بحری جہازوں کا آبنائے ہرمز میں امریکی کوریڈور سے محفوظ گزرنا مشکل ہے، محفوظ سفر کیلئے بحری جہاز ایران کے مقررہ راستے سے گزریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خلیج عمان میں داخل ہونے والا کوئی بحری جہاز خطرات سے محفوظ نہیں، خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں بحری جہازوں کی نگرانی جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments