مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام میں نیپرا کا فیصلہ اہم سنگِ میل ہے: اویس لغاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیپرا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا کا فیصلہ مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام میں اہم سنگِ میل ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ یوز آف سسٹم چارج کا تعین سی ٹی بی سی ایم کے لیے آخری اہم ریگولیٹری اقدام تھا، یوز آف سسٹم چارج کے تعین سے پہلے سی ٹی بی سی ایم نیلامی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ پاکستان کو روایتی واحد خریدار نظام سے آگے لے جائے گی، اہل صنعتی صارفین پہلی بار اپنی پسند کے بجلی فراہم کنندگان سے بجلی خرید سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسابقتی مارکیٹ کے ذریعے صنعتی صارفین دوطرفہ بنیادوں پر بجلی خرید سکیں گے، مسابقتی بجلی مارکیٹ کے فوائد صرف صنعتی صارفین تک محدود نہیں رہیں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی خریداری میں مسابقت سے زیادہ مؤثر پیداوار اور بہتر قیمتیں ممکن ہوں گی، مسابقتی مارکیٹ موجودہ پاور پلانٹس کے بہتر استعمال میں معاون ثابت ہوگی اور بجلی کی ویلیو چین میں موجود نااہلیاں کم کرے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق مسابقتی مارکیٹ قابلِ تجدید توانائی اور بیٹری سٹوریج کی شمولیت کو فروغ دے گی، مقامی کم لاگت توانائی وسائل کے بہتر استعمال میں مدد دے گی اور مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
اویس لغاری نے کہا کہ نیپرا کا فیصلہ براہِ راست رسائی کے لیے ضروری ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرتا ہے، سی ٹی بی سی ایم نیلامی پاکستان کی بجلی مارکیٹ میں اہم ساختی تبدیلی کی نمائندگی کرے گی۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ مسابقتی مارکیٹ پاکستان کو زیادہ مسابقتی اور صارف مرکوز پاور سیکٹر کی جانب لے جائے گی، وزارتِ توانائی مسابقتی بجلی مارکیٹ کو شفاف اور مؤثر انداز میں عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسابقتی مارکیٹ اہل صارفین کو بجلی کے انتخاب کے زیادہ مواقع فراہم کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments