نیویارک میں محبوس وینزویلا کے سابق صدر کی اہلیہ کو ہارٹ اٹیک کا خدشہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی اہلیہ سیلیا فلورس نے دل کی بگڑتی ہوئی بیماری کے باعث امریکی وفاقی عدالت سے اپنی حراست ختم کرکے مین ہٹن میں گھر پر نظر بند رکھنے کی درخواست کردی۔

69 سالہ سیلیا فلورس کے وکلا کے مطابق جنوری میں وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے بعد حراست میں لیے جانے کے دوران ان کی دل کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق سیلیا فلورس کو اس سے قبل دل کے وال کے ایک عارضے، مائٹرل والو پرولاپس، کے علاج کے لیے صرف ماہانہ انجیکشن کی ضرورت ہوتی تھی، تاہم اب وہ کئی ادویات استعمال کر رہی ہیں، جن میں اسپرین، اسٹیٹن، ڈلٹیا زیم اور نائٹروگلسرین شامل ہیں۔

وکلا کا کہنا ہے کہ بیرونی طبی ماہرین کے خیال میں سیلیا فلورس دورانِ حراست ہلکے درجے کے ہارٹ اٹیک کا بھی شکار ہوچکی ہیں، ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر ان کے لیے دل کا ایک طبی طریقۂ علاج تجویز کیا ہے جبکہ مزید سرجری کی ضرورت بھی پیش آسکتی ہے۔

سیلیا فلورس کے وکلا کا مؤقف ہے کہ ایسے علاج کے بعد صحت یابی کے لیے حراستی مرکز موزوں ماحول فراہم نہیں کرسکتا۔

وکلا نے عدالت کو تجویز دی ہے کہ سیلیا فلورس کو مین ہٹن میں ایک رہائش گاہ منتقل کیا جائے، جہاں انہیں عدالت کی سخت نگرانی میں رکھا جائے گا، مجوزہ انتظام کے تحت سیلیا فلورس کی 24 گھنٹے مسلح نگرانی کی جائے گی، جبکہ ان سے ملاقات کرنے والے افراد کے لیے عدالت اور وفاقی استغاثہ سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگا۔

ان کی رہائش گاہ کی ویڈیو کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی اور ٹیلی فون کالز ریکارڈ کی جائیں گی۔

سیلیا فلورس اور نکولس مادورو اس وقت نیویارک میں زیرحراست ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے ان کے خلاف منشیات اور ہتھیاروں سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں، دونوں الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دے چکے ہیں، دونوں کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ سال جون میں مقرر ہے۔

امریکی وفاقی جج ایلون کے ہیلرسٹین نے تاحال سیلیا فلورس کی گھر میں نظر بندی کی درخواست پر فیصلہ نہیں دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...