امریکا بعض شرائط پوری کر دے تو آبنائے ہرمز 7 روز میں کھول دیں گے: عراقچی

نیویارک: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران نے ثالثوں کے ذریعے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔

نیویارک میں صحافیوں اور امریکی تھنک ٹینکس کے ارکان کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے بعض شرائط پوری کر دی جائیں تو آبنائے ہرمز سات دن کے اندر دوبارہ کھول دی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ شرائط نئی نہیں ہیں اور وہی ہیں جو اس سے قبل اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) میں اٹھائی گئی تھیں، ایران کا ماننا ہے کہ اس معاہدے پر امریکا کے وسط مدتی انتخابات سے قبل عمل درآمد ہونا بہتر ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ معاہدہ نومبر کے انتخابات کے بعد طے پا سکتا ہے۔

اس کے جواب میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے کا وقت امریکا پر منحصر ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ مجوزہ شرائط گزشتہ معاہدے کی شقوں سے مختلف نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں ملاقات کے دوران ایران کے معاملے پر بحران کے خاتمے کے لیے سفارتی حل کو واحد راستہ قرار دیا۔

روسی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ایران کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بحران کا کوئی فوجی متبادل نہیں بلکہ اسے سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہئے۔

دوسری طرف برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں خبردار کیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین پر ایران سے منسلک گروہوں کی جانب سے دھمکی، خوف زدہ کرنے کی کارروائی یا کسی بھی قسم کی دشمنانہ سرگرمی برداشت نہیں کرے گا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی اہمیت اور برطانیہ میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں سے لاحق خطرات پر بات چیت کی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ کے نیشنل سائبر سکیورٹی سینٹر نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ ایرانی ریاست سے منسلک سائبر عناصر نے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام سمیت پیغام رسانی کے پلیٹ فارمز پر اسپیئر فشنگ مہمات کے ذریعے ای میلز، پیغامات اور دیگر حساس معلومات چرانے کی کوشش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...