یو اے ای میں بارش کا امکان، تیز ہواؤں اور گردوغبار کی پیشگوئی

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے 11 سے 14 اکتوبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث گردوغبار اور بعض مقامات پر دھند کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق محکمہ موسمیات کے تازہ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ 11 اکتوبر کو دوپہر کے بعد مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بادل بننے کا امکان ہے، جو بعض مقامات پر بارش کا سبب بن سکتے ہیں، رات کے وقت نمی میں اضافے کے باعث ساحلی اور اندرونی علاقوں میں دھند یا ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے۔

پیشگوئی کے مطابق 12 اکتوبر کو اندرونی علاقوں میں دوپہر کے بعد بادل بننے کی توقع ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے گردوغبار اڑنے کا امکان ہے۔

13 اکتوبر کو موسم صاف سے جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ مشرقی اور مغربی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 14 اکتوبر کو بھی بعض مقامات پر بارش برسانے والے بادل بننے اور ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں سمندر عمومی طور پر ہلکا رہنے کا امکان ہے، شہریوں، خصوصاً ڈرائیوروں اور بیرونی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ بارش کا امکان تمام علاقوں میں یکساں نہیں، اس لیے شہریوں کو سفر اور دیگر سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرتے وقت تازہ سرکاری موسمی اپ ڈیٹس کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...