امریکی سکیورٹی ایجنسی کا انتہائی حساس اندرونی مواصلاتی نیٹ ورک فنی خرابی کے باعث بند
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے سب سے بڑے خفیہ ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کا انتہائی حساس اندرونی مواصلاتی نیٹ ورک فنی خرابی کے باعث اچانک بند ہو گیا، جس کے بعد ادارے نے عملے کی آمدورفت کے اوقات کو مرحلہ وار کر دیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس تعطل کے پیچھے تاحال کسی سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے اور نہ ہی امریکی عوام کے لیے تشویش کی کوئی بات ہے۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس خرابی سے ایشیا کے دورے پر موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہنگامی انٹیلی جنس معلومات کی ترسیل متاثر نہیں ہوگی کیونکہ حکومت کے پاس متبادل محفوظ نیٹ ورکس موجود ہیں۔
برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ پر مشتمل فائیو آئیز اتحاد کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کا نظام بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ امریکا میں حالیہ دنوں کے دوران پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
گزشتہ ہفتے مائیکروسافٹ کی سروسز اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سسٹم میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی معطلی جیسے بڑے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments