آسٹریلیا:انڈر 16 پر سوشل میڈیا پابندی کے اثرات انتہائی محدود
ہر 5میں سے 4بچوں نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے سوشل میڈیا استعمال جاری رکھا دنیا بھر میں کئی ممالک آسٹریلیا میں پابندی کے ماڈل کو بطور مثال دیکھ رہے تھے
سڈنی(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر عائد پابندی کے اثرات توقع کے برعکس انتہائی محدود ثابت ہوئے ہیں۔ نیو کیسل یونیورسٹی کی تحقیق میں 12 سے 17 سال کی عمر کے 408 بچوں اور نوجوانوں کو شامل کیا گیا ۔پابندی کے باوجود کم عمر ہر 5 میں سے 4 بچوں نے سوشل میڈیا استعمال کیا،تحقیق میں کہا گیا ہے کہ متعدد کم عمر صارفین نے پابندی کو بائی پاس کرتے ہوئے بڑے افراد کے اکاؤنٹس، جعلی پروفائلز اور پرائیویٹ براؤزرز کے ذریعے سوشل میڈیا استعمال جاری رکھاماہرین کے مطابق پابندی کے نفاذ کے ابتدائی مہینوں میں عملدرآمد مکمل طور پر موثر نہیں ہو سکا، جس کے باعث اس کا مجموعی اثر کم رہا۔ تاہم دنیا بھر میں کئی ممالک آسٹریلیا کے اس ماڈل کو بطور مثال دیکھ رہے ہیں۔مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا کہ مختلف عمر کے گروپس میں سوشل میڈیا استعمال کے رجحان میں معمولی تبدیلیاں دیکھی گئیں، لیکن مجموعی طور پر نمایاں کمی سامنے نہیں آئی۔