10برس :بے روزگاری کی شرح1.5سے بڑھ کر7فیصد تک پہنچ گئی

10برس :بے روزگاری کی شرح1.5سے بڑھ کر7فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد (مدثرعلی رانا)وزارت منصوبہ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ہر سال آبادی میں50 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے جو کہ ملکی معیشت پر بوجھ ہے اس کے ساتھ ساتھ ملک میں بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے۔

 گزشتہ10 برس کے دوران پاکستان میں بے روزگاری کی شرح1.5 فیصد سے بڑھ کر 7 فیصدتک پہنچ گئی جبکہ بھارت میں بیروزگاری 4.5 فیصد اور بنگلہ دیش میں 5 فیصد سے زائد ہے ، پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہر سال بے روزگاری کی شرح میں کمی جبکہ پاکستان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شماریات بیورو کے مطابق آبادی میں خواتین کی شرح تقریباً 46 فیصد ہے جبکہ روزگار خوا تین کی شرح گزشتہ 13 برسوں میں 22 فیصد پر منجمد ہے ،جی ڈی پی گروتھ صحت، تعلیم، خوراک و دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے ، آبادی کنٹرول کئے بغیر غربت، صحت اور تعلیمی سہولیات کو بہتر کرنا مشکل ہے ، بے روزگاری میں پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش سے آگے ہے ، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان خواتین روزگار میں بھی سب سے پیچھے ہے ، دستاویز کے مطابق 2021 کے دوران پاکستان میں بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی، بے روزگاری ختم کرنے کیلئے پاکستان کو سالانہ 15 لاکھ نوکریوں کی ضرورت ہے ، 17 فیصد خواتین کو لیبرفورس اور نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح کو 6 فیصد کم کرنا ہو گا، 1680 ڈالر کیساتھ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت فی کس آمدن بھی کم ہے رواں مالی سال کیلئے فی کس آمدن کا تخمینہ ساڑھے 5 لاکھ روپے تک لگایا گیا ہے جس میں گزشتہ مالی سال کی نسبت تقریباً 70 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ، ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور موجودہ شرح کے مطابق 2050 تک آبادی د گنی ہو جائے گی ،ریسور سز کم ہونے کے باعث تقریبا 2ً کروڑ 55 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جس کے باعث شرح خواندگی صرف 61 فیصد تک ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ پنجاب میں 96 لاکھ بچے سکولوں سے باہر، سندھ میں 78 لاکھ، کے پی کے میں تقریبا 49ًلاکھ اور بلوچستان میں 50 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں بھی پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے ، صورتحال اتنی ابتر ہے کہ 3 کروڑ 83 لاکھ میں سے تقریباً 77 لاکھ گھر کچے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں