جامعہ اشرفیہ کے سرپرست اعلیٰ فضل الرحیم اشرفی سپرد خا ک

جامعہ اشرفیہ کے سرپرست اعلیٰ فضل الرحیم اشرفی سپرد خا ک

نماز جنازہ صا حبزادے مولانا زبیر نے پڑھائی،علما ، سیاسی ، مذہبی شخصیات کی شرکت مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو یاد رکھا جائیگا:شہباز شریف ،مریم نواز کا اظہار افسوس

لاہور (سیاسی نمائندہ،اے پی پی)جامعہ اشرفیہ لاہور کے سرپرست اعلیٰ و سابق مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کو سپرد خا ک کردیا گیا۔نماز جنازہ میں علما کرام، سیاسی ، مذہبی و سما جی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ مر حوم کے صا حبزادے مولانا حافظ زبیر حسن نے پڑھائی۔ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی نماز جنازہ پیر کے روز جامعہ اشرفیہ میں ادا کی گئی ۔مر حوم کو ہزاروں سو گواروں کی مو جودگی میں قبرستان شیرشاہ اچھرہ میں سپرد خا ک کیا گیا۔

نماز جنازہ میں حافظ طاہر محمود اشرفی،مولانا عبدالخبیر آزاد،رکن قومی اسمبلی حافظ نعمان ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی،صوبائی وزیر بلال یاسین،مولانا محمد امجد ، قاری حنیف جالندھری ، خواجہ سعد رفیق، لیاقت بلوچ ، مولانا عبدالحق ثانی،خواجہ احمد حسان ، مولانا زاہد محمود قاسمی، چودھری اختر رسول،مولانا مفتی احمد علی ثانی،سید توصیف شاہ،مولانا عبدالمالک، ڈاکٹر فرید پراچہ،حافظ حسین احمد،ڈی جی خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران ڈاکٹر علی اصغر مسعودی نے بھی شرکت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا حافظ فضل الرحیم اشرفی جید عالم دین، ممتاز محدث اور دینی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیت تھے ،انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، دینی اقدار کے فروغ اور اخلاقی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی جس سے بے شمار طلبہ و علما نے استفادہ کیا۔ مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مولانا فضل الرحیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے سوگوار خاندان اور دیگر متعلقین سے ہمدردی اور تعزیت کی ہے ۔تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا مرحوم کی ساری زندگی تعلیم و تعلم اور خدمت دین میں بسر ہوئی۔ پاکستان عظیم مدبّر، مخلص اور صاحبِ علم دینی شخصیت سے محروم ہو گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں